بٹراسی ( )صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی: 03-12-2018

بٹراسی ( )صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی طور پر کئی چیلنجوں اور خطرات کا سامنا ہے لیکن قوم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور اپنی آزادی و مختاری کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ یہ ہمارا قومی اور ملی فریضہ ہے کہ ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے اُصولوں ، اتحاد، تنظیم اور یقین کو محکم کی روشنی میں قومی اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دوبارہ زندہ کریں۔ طلبہ سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم سمیت دیگر جدید علوم کے حصول پر توجہ دیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں یوم والدین کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے کالج کے پرنسپل بریگیڈئر (ر) عبدالحفیظ ستارہ امتیاز ( ملٹری ) نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلع ناظم مانسہرہ سید غلام ، ضلعی انتظامیہ ، اعلیٰ سول اور اور فوجی حکام کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد اور اُن کے والدین نے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر عزم رکھنے والی قوم کا ملک ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔ ٓائندہ بیس تیس سال میں پاکستان اقتصادی اور فوجی لحاظ سے دنیا کے صف اول کے ممالک میں شمار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی ملک میں اعلیٰ معیار کا حامل تعلیمی ادارہ ہے جو مستقبل کی قیادت پیدا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 22 سال پہلے قائم ہونے والے اس تعلیمی ادارے نے مختصر عرصے میں قابل رشک ترقی کی صدر آزاد کشمیر نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئیں گے اور ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے طلبہ کی طرف سے پیش کئے گئے مختلف پروگرام جن میں پریڈ ، ڈرل ، پی ٹی اور جمناسٹک اور کالج کے تعلیمی معیار کو دیکھ کر انہیں یہ کہتے میں کوئی باک نہیں ملک کا یہ اہم تعلیمی ادارہ نہ صرف اس خطہ کا تابناک مستقبل ہے بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اپنا ایک نام اور مقام پیدا کر ے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں سمیت ملک کے ہر خطے کے بچے اس کالج میں ایک چھت کے نیچے تعلیم حاصل کر کے قومی یکجہتی اور اتحاد کی ایک بے مثال تصویر پیش کر رہے ہیں۔ کالج کے کیڈٹس سے مخاطب ہو کر صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ جس ماحول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اُس کو دیکھتے ہوئے یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ آپ نہ صرف دوران تعلیم کامیابیوں کی بلندیوں کو چھوئیں گے بلکہ حصول تعلیم کے بعد ملک کا نظم و نسق چلانے کے لیے بھی موثر انداز میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر نہایت مسرت ہوئی کہ کیڈٹ کالج بٹراسی کو اس کے میٹرک اور ایف ایس سی کے امتحان میں شاندار نتائج کی بنیاد پر ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ سے بہترین کالج کا اعزاز ملا ہے ۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ کالج سے فارغ ہونے والے طلبہ نہ صرف ملک کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جا رہے ہیں بلکہ پاکستان کی مسلح افواج کا حصہ بن کر دفاع وطن کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی نہایت حوصلہ افزاء ہے کہ نصابی سرگرمیوں میں امتیازی حیثیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کیڈٹ کالج بٹراسی ملکی سطح پر کھیلوں ، تقریری مقابلوں ، طلبہ کے غیر ملکی مطالعاتی دوروں اور دیگر غیر نصابی سر گرمیوں میں بھی ایک امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی سر گرمیاں طلبہ کی کردار سازی اور اُن کی شخصیات کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گی ۔ ۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ انہیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ کالج کے طلبہ کو مذید بہتر اور ساز گار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے کالج کی انتظامیہ کیمرج بلاک ، کالج میس ، رہائشی ہاسٹل اور سوئمنگ پول جیسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس پر پرنسپل اور کالج کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں قوی یقین ہے کہ کیڈٹ کالج بٹراسی اپنے شاندار تعلیمی میعار اور غیر نصابی سر گرمیوں کی بنیاد پر ملک کے دیگر کیڈٹ کالجز کے لیے ایک قابل تقلید مثال بن جائے گا ۔ صدر سردار مسعود خان نے طلبہ کے والدین سے مخاطب ہوئے ہوئے کہا کہ اُن کے بچوں کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ پاکستان بواز اسکواٹس ایسوسی ایشن کی زیر سر پرستی چلنے والا یہ کالج اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کے حامل پرنسپل اور اساتذہ کی بدولت مستقبل میں کامیابیوں کے مذید نئے ریکارڈ قائم کرے گا ۔ 2011 میں چین میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے دوران کیڈت کالج بٹراسی کے طلبہ کے وفد سے ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کا پہلا کیڈٹ کالج ہے جس نے اپنے طلبہ کو چینی زبان پڑ ھانے اور سکھانے کے لیے باقاعدہ شعبہ قائم کیا ہے اور کیڈٹس کو ہر سال سمر کیمپس کے لیے چین بھیجتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کا ذکر کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیر میں ہماری بہنیں اور بھائی نہ صرف غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں بلکہ ان سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے ۔ ہم آزاد فضا میں زندگی بسر کررہے ہیں اور اس آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں اور اُن کی آواز کو دنیا میں بلند کر کے اُن کی جدوجہد کی حمایت کریں ۔ قبل ازیں کالج کے پرنسپل بریگیڈئر (ر) عبدالحفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کا پہلا نمایاں رہائشی تعلیمی ادارہ ہے جو پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے طلبہ کو معیاری تعلیم مہیا کر رہا ہے اور یہ تعلیمی ادارہ نہ صرف مسلح افواج پاکستان کے لیے نرسری کا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ اس ادارے سے فارغ ہونے والے طلبا زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قیام کے بعد مختصر عرصے میں اس کیڈٹ کالج کے طلباء نے نصابی اور غیر نصابی سر گرمیوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔قبل ازیں تقریب میں آمد پر کالج کے کیڈٹس نے صدر ریاست کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے مہمانوں اور والدین سے خوب داد وصول کی ۔

Download as PDF