President AJ&K Barrister Sultan Mehmood Chaudhry is addressing a reception in his honor at the residence of Honorary Presidential Adviser to Ireland Pir Shiraz at Abdopur Khari Sharif.

.

میرپور( )28دسمبر 2021ء

صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے۔تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنا ہی ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے۔موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کو جارحانہ انداز میں اجاگر کریں۔بھارت معذرت خواہانہ انداز اور زبان کو نہیں سمجھتا۔اب بھارت سے جراتمندانہ انداز میں بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں، تمام فکری طبقات کو کشمیر ایشو پر باہم متفق ومتحد ہو کر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے سرتوڑ کوششیں کرنی چاہئیں۔کرونا وائرس کی وبا نے انٹرنیشنل سطح پر کشمیر کاز کے لیے جاری کاوشوں کو زبردست دھچکا لگایاہے۔میں نے صدر ریاست کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ستمبر میں امریکہ اور اکتوبر میں برطانیہ، فرانس، بیلجیم اور ہالینڈ کا دورہ کر کے کشمیر ایشو کو دوبارہ عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ میں نے دونوں دوروں کے دوران دیکھا کہ عالمی سطح پر مختلف ممالک میں رائے عامہ کشمیر ایشو کے حق میں قائم ہو چکی ہے۔حکومتوں کے اپنے اپنے مفادات ہوتے ہیں مگر پبلک اوپینین public opinion کشمیریوں کے حق میں ہے۔ لوگ بھارت کا مکروہ چہرہ پہچان چکے ہیں۔بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے میں اوورسیز کشمیری کمیونٹی کا کردار تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔برطانیہ، یورپ، امریکہ سمیت آج اگر بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیرزندہ ہے تو یہ اوورسیز کشمیری کمیونٹی کی مرہون منت ہے۔ میری عالمی سطح پر کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کی جدوجہد میں اوورسیز کمیونٹی بنیادی اور کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔گزشتہ حکومتوں نے دانستہ طور پر میرپور کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے محروم رکھا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں میرپور کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ میرپور کھڑی شریف میں عوامی مفادات پر مشتمل بڑے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کریں گے۔ عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعزازی صدارتی مشیر برائے آئر لینڈ پیر شیراز کی رہائش گاہ عبدو پور کھڑی شریف میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ تقریب سے اعزازی مشیر برائے صدر پیر شیراز حسین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پیر شیراز حسین کو اعزازی مشیر برائے صدر ریاست کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی دیا۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پیرشیراز حسین اور ان کے خاندان سے میرا سیاسی نہیں ذاتی رشتہ ہے یہ الیکشن میں بھی آئے تھے اور فتح کے جھنڈے گاڑ کر واپس آئر لینڈ چلے گئے تھے۔آئر لینڈ اور جرمنی میں ہونے والے دونوں ملین مارچ کی کامیابی میں پیر شیراز کا کلیدی کردار تھا۔ بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کے لیے میری جدوجہد میں یہ پیش پیش رہتے ہیں۔

٭٭٭٭٭

Download as PDF