President Azad Kashmir Barrister Sultan Mehmood Chaudhry addressing a function on Parents' Day at Cadet College Mirpur.

.

میرپور( )25دسمبر 2021ء

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے پوری دنیا پاکستان کی فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔ ہم اپنی فوج پر فخر کرتے ہیں پاک فوج نے ہمارے ازلی دشمن بھارت کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے کر اس کے برے ارادوں کو خاک آلود کیا ہے۔لائن آف کنٹرول ہو یا باقی سرحدی علاقہ ہماری فوج ہر جگہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ کیڈٹ کالج میرپور کے کیڈٹس کل پاک فوج میں میجر لیفٹیننٹ اور جنرل کے عہدوں پر پہنچ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں پر کیڈٹ کالج ہونا بھی ایک پیغام ہے۔ میں جب وزیراعظم تھا تو میں نے 1996 میں پلندری میں کیڈٹ کالج بنایا پلندری کیڈٹ کالج کا معیار کچھ ہی عرصے میں پاکستان کے بہترین کیڈٹ کالجوں میں ہونے لگا۔ آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ ہے قائد اعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ پیش کر کے ملک پاکستان کی بنیاد رکھی۔ پاکستان واحد ملک ہے جو مذہب کی بنیاد پر قائم ہوا۔قائد اعظم نے دو قومی نظریہ پیش کر کے ثابت کیا کہ مسلمان اور ہندو ایک ساتھ نہیں رہ سکتے۔ کچھ عناصر دو قومی نظریہ کے ہمیشہ سے مخالف تھے لیکن ہندوستان میں مودی کی حکومت کے ظلم دیکھ کر ثابت ہو گیا کہ قائد اعظم کا دو قومی نظریہ درست تھا۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کی فکر و فلسفہ کی روشنی میں ملک و قوم کی خدمت کریں۔ ان خیالات کا اظہار صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کیڈٹ کالج میرپور میں یوم والدین کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل میجرر تاج نے سپاس نامہ پیش کیا۔ اس موقع پر کالج کے طلباء نے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں اور ٹیبلو پیش کیے۔ جمناسٹک کا بہترین مظاہرہ کیا کیڈٹس کی جانب سے پیریڈ کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تقریب کے دوران کالج کے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کیے اس سے قبل صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب کیڈٹ کالج میرپور کی تقریب میں پہنچے تو کیڈٹ کالج میرپور کے انچارج میر افضل کی قیادت میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر کا شاندار استقبال کیا گیا۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج میرپور اپنی مدد آپ کے تحت چل رہا ہے۔کالج میں کیڈٹس کی کارکردگی دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے کالج کے کیڈٹس کا معیار ہر اعتبار سے قابل تحسین اور ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔ یہ میرپور میں قائم ہے اس لیے ہم کالج ہذا کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ کیڈٹ کالج میرپور کے انچارج میر افضل اور کالج انتظامیہ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ جنھوں نے دو بارہ مجھے اپنے ادارے میں مدعو کیا میں اس سے قبل پچیس دسمبر 2019 کو یوم والدین کی تقریب میں آیا تھا۔ میری نیک خواہشات اس ادارے کے ساتھ ہیں انشا ء اللہ کیڈٹ کالج میرپور مستقبل میں مزید ترقی و کامیابی کی منازل طے کرے گا۔

٭٭٭٭٭

Download as PDF